Bas Tujh Ko Paana Hai (Mubashra Ansari)
بس تُجھ کو پانا ہے از مُبشرہ انصاری
پیشِ لفظ
بس تجھ کو پانا ہے میرا پہلا مکمل ناول ہے۔ اس سے ملنے والے فیڈ بیک سے میرا حوصلہ بڑھا اور میرے تمام افسانے’’ماں تجھے سلام"، "دلِ زار"، "گلِ تر“ اور ”تو کہاں آ گئی زندگی‘‘ ایک کے بعد ایک نے شائع ہو کر قارئین کے دلوں میں میری جگہ مضبوط کی اور مجھے پیہچان کے اس مقام تک پہنچایا جس کے لیے میں اپنے تمام چاہنے والوں کی دل سے مشکور ہوں۔
یہ دنیا گناہوں کے مرض میں اس قدر مُبتلا ہے کہ کسی کو اپنی موت تک یاد نہیں۔ یہ دنیا ایک کمرہ امتحان ہے اور ہم سب یہاں اپنی پیدائش سے موت تک مختلف قسم کے ٹیسٹ دینے کے لیے آئے ہیں ۔ ہم پیپر کیسے بھی دیں، ان کا چیکر صرف اور صرف الله تعالی ہے۔ اگر یہ بات تمام انسان اپنے دل ودماغ میں بٹھالیں تو میرا نہیں خیال کہ کوئی بھی انسان گناہ کی دہلیز پار کر پائے گا۔
گناہوں کے مرض کی صرف اور صرف ایک ہی دوا ہے وہ یہ کہ حیا کے پھول، صبرشکرکے پھل، عجزونیاز کی جڑ، غم کی کونپل، سچائی کے درخت کے پتے، ادب کی چھال، حُسنِ اخلاق کے بیج۔
یہ سب لے کر ریاضت کے ہاون دستہ میں کوٹنا شروع کریں اور اشکِ پشیمانی کا عرق ان میں روز ملاتے رہیں۔ ان سب کو دل کی دیگچی میں بھر کر شوق کے چولہے پر پکائیں۔ جب پک کر تیار ہوجائے تو صفائے قلب کی صافی میں چھان لیں اور شیریں زبان کی شکر ملا کر محبت کی تیز آنچ دیں ۔ جس وقت تیار ہو کر اترے تو اس کو خوف خدا کی ہوا میں ٹھنڈا کر کے استعمال کریں۔
مجھے پورا یقین ہے کہ اس دوا سے تمام لوگ فائدہ اٹھائیں گے، دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔
لوگ اکثر مجھ سے کہتے ہیں کہ چمکتے سورج کی طرح اپنی کرنیں دوسروں تک پہنچاؤ، لیکن میں چمکتا سورج نہیں بننا چاہتی کیونکہ دن کے وقت اجالا پہلے سے موجود ہوتا ہے اور چمکتا سورج اس اجالے میں مزید روشنی اور چمک پیدا کردیتا ہے۔
میں رات کے اندھیرے میں ہر سُوروشنی پھیلانے والا چاند بننا چاہتی ہوں۔ وہ روشنی جو رات کے اندھیرے میں پھیلتی ہے تو اندھیرے ختم ہو جاتے ہیں اور اندھیرے میں بھٹکے ہوئے لوگ اس روشنی کی مدد سے اپنی صحیح منزل تک بآسانی پہنچ جاتے ہیں۔ میری تمام تصانیف میں اصلاح کا پہلو موجود ہے۔ میں نے صرف اس شوق میں قلم اٹھایا ہے کہ شاید میری کسی تحریر، جملے یا لفظ کو پڑھ کر کوئی بھٹکا ہوا راه راست پر آ جائے اور وہ عظیم ذات پاک اللہ جل شانہ مجھ ناچیز کو بخش کر جنت الفردوں کا نظارہ کرادے۔
میری دعا ہے کہ الله تعالی اپنے لطف و کرم سے ہم سب کو جو ہر وقت دنیا میں ہی غرق رہتے ہیں اپنی طرف رجوع کی توفیق عطا فرمائے اور اس ناپاک دنیا سے نفرت کا ذائقہ نصیب فرمائے۔ (آمین ثم آمین)
محتاجِ دعا
مبشرہ انصاری (مانہ)
No comments:
Post a Comment